اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کی حمایت میں بین الاقوامی گروپ کا ایک روزہ اجلاس، جو منگل کو ویانا میں تشکیل پایا، ایک بیان جاری کئے جانے کے ساتھ ختم ہو گیا۔ اس بیان میں شام میں فائر بندی کے عمل کو مستحکم بنانے اور اس ملک میں انسان دوستانہ امداد پہنچائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی گئی۔ اس بیان میں جھڑپوں کے خاتمے کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے شام میں عوام کے جانی تحفظ کی خاطر اور سنجیدہ خطرات کا مقابلہ کئے جانے کے دائرے میں فائر بندی کی تقویت پر تاکید کی گئی۔ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے ویانا میں ایک پریس کانفرنس میں شام میں عام شہریوں تک انسان دوستانہ امداد پہنچائے جانے میں تعاون کی ضرورت پر تاکید کی اور کہا کہ شام میں امداد کا عمل تیز کئے جانے کی ضرورت ہے۔ اسٹیفن دیمستورا نے کہا کہ شام میں انسانی بحران پر تمام ملکوں خاص طور سے بحران شام سے متعلق تمام فریقوں کی جانب سے خاص توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ویانا میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کا مقابلہ کئے جانے کو ترجیح حاصل ہونی چاہئے اور یہ مسئلہ اقتدار سے بشار اسد کو ہٹائے جانے کے مسئلے سے کہیں بڑا مسئلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ روس، دہشت گردی اور تمام سازشوں کے مقابلے میں شام کی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169