13 مئی 2016 - 10:54

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل حسن فیروزآبادی نے کہاہے کہ شام کے صدر بشاراسد اقتدار میں باقی رہیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل فیروز آبادی نے جمعرات کو اپنے بیان میں شام میں دہشت گرد گروہوں کے جرائم کے لئے علاقے کے بعض ملکوں اور مغرب کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں سے شام میں دہشت گردوں کی حمایت اور داعش کے وحشیانہ جرائم کو ہوا دینے اور عام شہریوں کا خون بہانے کے بعد بھی شام کے عوام کو جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکا ہے -انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکی حکام بشاراسد کو اقتدار سے ہٹانے کے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے کہا کہ امریکا کی خواہش اور خواب کے برخلاف بشاراسد اقتدار میں باقی رہیں گے اور شامی عوام کی کامیابی کے بعد ذلت و روسیاہی جنگ پسندوں کا مقدر بنے گی - انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت اس وقت شام میں جنگ کو جاری رکھ کر امریکا کے آئندہ صدارتی انتحابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے-جنرل فیروزآبادی نے کہا کہ موجودہ امریکی حکومت صدارتی انتخابات میں اپنی پارٹی کی کامیابی دہشت گردوں کی حمایت اور شامی عوام کاخون بہا کر حاصل کرنا چاہتی ہے اور بشاراسد کو اقتدار سے ہٹانے کی باتیں بھی اسی تناظر میں کر رہی ہے -واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے پیرس میں اپنے ایک بیان میں دھمکی دی تھی کہ اگر بشاراسد نے اقتدار سے کنارہ کشی نہ کی تو انہیں بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169