29 اپریل 2016 - 17:38
وزیر دفاع: شام میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے

ایران کےوزیر دفاع بریگیڈیئرجنرل حسین دہقان نے شام میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اپنےایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان کا کہنا تھا کہ، ڈھائی سو امریکی فوجیوں کی روانگی ، شام کے خلاف کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔

ایران کے وزیردفاع نے کہا کہ، خطے میں عربی ، صیہونی ، امریکی سازش پرعملدرآمد کیا جارہا ہے کیونکہ شام میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے امریکہ ، سعودی عرب ، قطر اور خطے کے بعض دیگر ملکوں پر کڑی نکتہ چینی کی جو علاقے میں بدامنی پھیلانے کی غرض سے دہشت گردوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

جنرل دہقان نے کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب تحریک مزاحمت کے خلاف شروع کی گئی پراکسی وار کے ذریعے شام میں اپنے مفادات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

ایران کے وزیر دفاع نے شام میں امن کی بحالی کے لیےتہران کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، اسلامی جمہوریہ ایران، عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن جانے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں شامی حکومت کی حمایت کرتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169