اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیردفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقا ن نے ماسکو میں بین الاقوامی سیکورٹی سےمتعلق کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے وزیردفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات میں مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی کو یقینی بنانے اور اس مقصد تک پہنچنے کے لئے ضروری تدابیر اپنائے جانے کی ضرورت پر زوردیا -
ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ایران کے وزیردفاع نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات میں کہاکہ دوست اور ہمسایہ ملک پاکستان، علاقےکے بحرانوں کے حل میں انتہائی موثر اور تعمیری کردار ادا کرسکتاہے -انہوں نے عالم اسلام میں جاری بحرانوں کو افسوسناک قراردیتے ہوئے کہا کہ علاقےمیں بحران پیداکرنے والا خطرناک امریکی -اسرائیلی محاذعلاقے کے ملکوں کے ایک دوسرے سے قریب آنےکی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہاہے -انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت اور امریکا نہیں چاہتے کہ علاقے کے ممالک کے درمیان اچھے اور خوشگوار تعلقات رہیں -
پاکستان کے وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے بھی تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں توسیع کی ضرورت پرتاکید کرتے ہوئے کہاکہ ایران قدیم تہذیب اور درخشاں تمدن کا حامل ملک ہے اور اس کے پاس ایسی بے پناہ صلاحتیں اورتوانائیاں پائی جاتی ہیں جو عالم اسلام کے لئے مفید اورموثر واقع ہوسکتی ہیں -
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے افغانستان کے وزیردفاع محمد معصوم استانکزی سے بھی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں توسیع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون پر زوردیا - ایران اور افغانستان کے وزرائے دفاع نے اس ملاقات میں علاقے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے معاملات کا جائزہ لیا - ایران کے وزیردفاع حسین دہقان نے افغانستان میں امن وا مان کے قیام پر زوردیتے ہوئے اس امیدکا اظہار کیا کہ غیرملکی فوجوں کے انخلا کے بعد افغان عوام، حکومت اورفوج کی کوششوں اور جانفشانیوں سے، افغانستان میں امن وامان اور رفاہ وآسائش کا مشاہدہ کیا جائے گا - انہوں نے ایران اور افغانستان کےدرمیان دفاعی تعاون کو بھی اہمیت کا حامل قراردیا اور کہا کہ یہ تعاون علاقے میں بدامنی پھیلانے والےعوامل کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں -
افغانستان کے وزیردفاع محمد معصوم استانکزی نے بھی افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے ایران کے وزیردفاع سے کہا کہ ایرانی قیادت افغانستان میں قیام امن سے متعلق اپنی مدد و حمایت جاری رکھے -
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے ماسکو میں اپنے قیام کے دوران بیلاروس کے وزیردفاع آندرے راوکوف سے بھی ملاقات میں اہم علاقائی اورعالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا -ایران کے وزیردفاع نے تہران اورمینسک کے درمیا ن مختلف میدانوں خاص طورپردفاعی شعبے میں تعاون کی توانائیوں اورگنجائشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہاکہ باہمی تعاون کو فروغ دے کردونوں ملکوں کےتعاون کو اعلی سطح تک پہنچایا جاسکتاہے -انہوں نے کہا کہ یورپ سےتعلق رکھنے والے داعش کے عناصرپوری دنیا کے لئے خطرہ ہیں -ان کا کہنا تھا کہ امریکا نیابتی جنگ کی اسٹریٹیجی اپناکر نئی ابھرتی ہوئی طاقتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہاہے - بیلاروس کے وزیردفاع نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے کردار کو اہم بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعاون کے لئےتیارہے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169