اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے نائـب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدے سے ایران اور امریکا کے تعلقات کی ماہیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکا کی تسلط پسندانہ پالیسیوں کا مقابلہ کرتا رہے گا اور امریکا بھی ایران سے اپنی دشمنی سے باز نہیں آئے گا-
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کسی بھی شعبے میں امریکا کی ہنگامہ آرائیوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے، کہا کہ ایران کے ساتھ بینکنگ معاملات کو آسان بنانے کے لئے امریکیوں پر جو دباؤ پڑ رہا ہے اس کا اب اثر دکھائی دینے لگا ہے اور بعض یورپی ملکوں کے ساتھ سوئیفٹ سسٹم بحال ہو گیا ہے-
سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران کا ایک اقتصادی مقصد یہ تھا کہ وہ ڈالر سے اپنی وابستگی ختم کرے اور ایران کے اقتصاد کی بنیاد ڈالر کے بغیر ڈالی جائے- انہوں نے کہا کہ امریکی عدالتوں کے غیر منصفانہ فیصلوں کے پیش نظر اس ملک کے مالیاتی سسٹم میں شمولیت خطرناک ہے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کی ایک مثال امریکا کی ایک عدالت کے ذریعے ایران کے اثاثوں میں سے ایک ارب آٹھ سو ملین ڈالر نکال لینا ہے- انہوں نے کہا کہ امریکا کا یہ اقدام معاندانہ ہے اور ایران اپنے اس حق کو واپس لینے کی ہرممکن کوشش کرے گا-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲