اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر جنرل محمد رضا نقدی نے امریکی فوج کی ذلت آمیز شکست کی سالگرہ کی تقریبات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوبیس اپریل خداوند عالم کی طاقت اور ارادے کی تجلی کا ایک دن ہے- انہوں نے کہا کہ طبس کے واقعے نے ثابت کر دیا کہ باطل کے ذریعے تمام تر منصوبہ بندیوں اور مادی آلات و سائل سے لیس ہونے کے بعد بھی خداوند عالم کا ارادہ حق کی حمایت پر ہی مبنی ہوتا ہے-
عوامی رضاکار فورس بسیج کے کمانڈر جنرل نقدی نے کہا کہ ایرانی عوام کے گرانقدر تجربات اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ امریکا کے بارے میں کبھی بھی خوش فہمی نہیں رکھی جاسکتی- انہوں نے امریکی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جہاد، اقتصادی جہاد ہے اور ایرانی عوام کو رہبر انقلاب اسلامی کے فرمودات کی پیروی اور استقامتی اقتصاد کے نعرے کو عملی جامہ پہنا کر اقتصادی میدان میں بھی امریکا کی سازشوں کو ناکام بنا دینا چاہئے-
واضح رہے کہ چھتیس سال قبل چوبیس اپریل کو امریکا نے کئی جدید ترین ہیلی کاپٹروں اور طیاروں سے ایران میں جارحیت کی لیکن صحرائے طبس میں اٹھنے والے ریت کے طوفان نے سبھی امریکی ہیلی کاپٹروں کو ایک دوسرے سے ٹکرا دیا اور سب آگ میں جھلس کر راکھ میں تبدیل ہو گئے جبکہ امریکی طیارے پرواز کی پوزیشن میں ہی نہیں رہ گئے- یوں ایران پر امریکا کا حملہ ارادہ خداوندی سے ناکام ہو گیا اور واشنگٹن کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا-
.......
/169