اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے آج اتوار کے روز پارلیمٹ کے اجلاس میں یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران ایک اچھی دفاعی ڈیٹرنٹ طاقت کا حامل ہے، کہا کہ ایران کی دفاعی طاقت و توانائی، پائیدار امن و استحکام اور دہشت گردوں کو کچلنے کا اصلی عامل و سبب ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں بعض مغربی ممالک کی بہانے بازیاں ایران کی سیکورٹی طاقت و توانائی کا مقابلہ کرنے کے لیے طویل مدت پالیسی ہے اور اسی بنا پر اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی طاقت خاص طور پر میزائل طاقت کو مضبوط بنانے پر زور دیتا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اسی طرح حالیہ دہشت گردانہ حملوں کو بعض عرب اور مغربی ملکوں کی جہالت اور شقاوت و سخت دلی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے موجودہ واقعات بعض مغربی ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کو برسوں تک ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنے اور انھیں مضبوط بنانے کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت دہشت گردی کے حامی ممالک کو بہت سے خطرناک دہشت گرد گروہوں کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی پارلیمانوں اور حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ مذاکرات کے ذریعے موجودہ بحران کو حل کریں۔
انھوں نے دہشت گردوں کے خلاف شامی قوم اور حکومت کی حالیہ کامیابیوں اور کئی علاقوں کی دہشت گردوں کے قبضے سے آزادی پر مبارک باد پیش کی۔
.......
/169