اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان اپنے اساسی نصب العین کے ساتھ ساتھ کئی فلاحی پروگراموں کی عمل آوری میں اپنا حتی المقدور کردار ادا کررہی ہے ۔دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اطفال قوم کو مروجہ تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے تنظیم ہر سطح پر کوشاں ہے۔ تنظیم کے شعبہ جوانان یوتھ آرگنائزیشن کی طرف سے ذہین اور مستحق طلاب کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی اسکالرشپ سکیم شروع کی گئی ہے جس کے تحت مستحق طلاب کو ہر سال اسکالر شپ سے نوازا جائے گا۔ اس سلسلے میں تنظیم کے صدر دفتر پر یوتھ آرگنائزیشن اور تنظیمی اراکین و عاملین کا ایک خصوصی اجلاس تنظیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا جہاں یوتھ آرگنائزیشن کی طرف سے شروع کی گئی اسکالر شپ سکیم کی رسم افتتاح انجام انجام دی گئی۔ آرگنائزیشن کے کنوینئرجناب مرزا مدثر حسین نے یوتھ آرگنازیشن کی طرف سے شروع کیئے گئے مختلف فلاحی پروگراموں کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے طلاب کو Technical & Quality Education کی طرف توجہ مبذول کرنے کا مشورہ دیا۔ آغا صاحب نے اس موقعہ پر درجنوں طلاب میں اسکالر شپ چکیں تقیسم کیں۔ اپنے اختتامی کلمات میں آغا صاحب نے حصول تعلیم کو موجودہ مہذب اور سائنسی دور میں اولین اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حصول تعلیم ترقی اور خوشحالی کی اولین راہ گزر ہے۔ انہوں
نے کہا کہ قوموں کی تقدیر سازی اور ظلم تسلط کے خلاف مزاحمت میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ اس موقعہ پر آغا صاحب نے لیبریشن فرنٹ کے صف اول کے شہدا شہید اشفاق مجید وانی، شہید جلیل احمد اندرابی، شہید ڈاکٹر عبدالاحد گورو اور شبیر احمد صدیقی وغیرہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بلند پایہ شخصیات کی شہادتوں سے نہ صرف رواں جدوجہد کی اہمیت اور اعتباریت واضح ہوجاتی ہے بلکہ تحریک کے ساتھ عوام کی عقیدت اور وابستگی اور بھی راسخ ہوتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲