26 مارچ 2016 - 12:04
سعودی عرب میں ایک اور بزرگ عالم دین کی گرفتاری پر آغا سید حسن کا مذمتی بیان

سرینگر میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن آغا سید حسن موسوی نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے خطبوں میں سعودی عرب کے بزرگ عالم دین آیت اللہ الراضی کو حکومت آل سعود کے ہاتھوں گرفتار کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حجۃ الاسلام و المسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سعودی عرب میں مسلکی اقلیتوں کے حقوق کی وکالت کرنے اور یمن، بحرین، کویت اور شام میں حکومت سعودیہ کے امریکہ اور اسرائیل نواز کردار پر تنقید کرنے والے سعودی عالم دین آیت اللہ شیخ حسین الراضی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسلکی اقلیتوں کے تئیں حکومت آل سعود کی پالیسی پر تشویش ظاہر کی۔ آغا صاحب نے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں اور انصاف پسند اقوام سے اپیل کی کہ وہ سعودی عربیہ میں حکومتی سطح پر مسلکی اقلیتوں پر ڈھائے جا رہے مظالم کا سنجیدہ نوٹس لے کر حکومت سعودیہ پر دباو ڈالیں کہ وہ اپنے سیاسی مخالفوں اور مسلکی اقلیتوں کے جذبات و خواہشات کی ترجمانی کرنے والے قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور عدالتی قتل کا سلسلہ بند کریں۔
سرینگر بڈگام کے مرکزی امام بارگاہ میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن نے خطبہ جمعہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معروف اسلامی اسکالر اور جمہوری تحریک کے نقیب آیت اللہ شیخ نمر باقر نمر کے وحشیانہ عدالتی قتل اور یمن پر لاحاصل فضائی جارحیت کے بعد ملک میں پیدا شدہ صورت حال کو دبانے کے لیے حکومت آل سعود نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے بالخصوص سعودی حکومت کی پالیسیوں کی کھلے عام تنقید کرنے والے علمائے دین کو گرفتار کر کے فرضی الزامات کے تحت سنگین سزائیں دلوا کر آل سعود، امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنا کر اپنی بادشاہت کو دوام دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲