26 مارچ 2016 - 11:41
پاکستانی اور ایرانی تاجروں اور صعنت کاروں کے اجلاس سے صدر حسن روحانی کا خطاب

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات, خطے کے استحکام اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنا سکتے ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے تاجروں اور صعنت کاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران جس طرح پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے، اسی طرح اس کی اقتصادی ترقی اور پیشرفت کو بھی اپنی ترقی و پیشرفت سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترقی کے لئے لازمی انفرااسٹریکچر کے قیام میں بھی پاکستان کی مدد کر سکتا ہے اور ایران نے توانائی کے میدان میں بھی اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعمیری تعاون کرنا ہماری خارجہ پالیسی میں سرفہرست ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور تہذیبی رشتوں نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے ساتھ تجارتی لین دین کو آئندہ پانچ برس کے دوران پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کے لئے پوری طرح تیار ہے تاہم اس کے لئے دونوں ملکوں کے تاجروں اور صعنت کاروں نیز نجی شعبے کو آگے آنا ہو گا۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی، ایران پاکستان اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور تعاون کے فروغ کی غرض سے جمعے کے روز ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169