12 مارچ 2016 - 19:55
دنیا کی موجودہ حساس صورتحال میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے علاقے اور دنیا کی موجودہ حساس صورتحال میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے ہفتے کو تہران میں شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے ایام شہادت کی مناسبت سے منقعدہ ایک مجلس ‏عزا سے خطاب کرتے ہوئے جس میں بڑی تعداد میں سوگوار موجود تھے، کہا کہ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان جنگ کی آگ بھڑکانا دشمنان اسلام کی خواہش ہے- انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ دشمن طاقتیں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان پائے جانے والے فروعی اختلافات کو ہوا دے کر ان کے درمیان جنگ و خونریزی کی آگ بھڑکائیں-

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے کہا کہ دانشمندانہ اور سنجیدہ رویّہ اپنا کر ایسا کام کرنے کی ضرورت ہے کہ جس سے مسلمانوں کے آپسی تعلقات روز بروز مستحکم ہوں- انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان پوری طرح متحد ہو جائیں تو ان کے بہت سے مسائل اور مشکلات حل ہو جائیں گی اور یوں امت اسلامیہ بین الاقوامی میدان میں ایک موثر اور غیر معمولی قوت بن کر سامنے آئے گی-

واضح رہے کہ دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی آمد کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار و عزادار ہے- ملک کے گوشے گوشے میں شہزادی کونین کی شہادت کی مناسبت سے مجالس غم کا سلسلہ جاری ہے-

مشہد مقدس اور قم المقدسہ میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگوار، نوحہ خوانی اور سینہ زنی میں مصروف ہیں- عراق کے مقدس شہروں اور اسی طرح پاکستان اور ہندوستان سے بھی موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ دختر رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ایام شہادت کی مناسبت سے پچھلے کئی روز سے مجالس اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169