12 مارچ 2016 - 19:54
الرمادی کے مغربی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی شروع

عراق میں فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ الانبار کے صدرمقام الرمادی کے مغربی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ الانبار میں آپریشنل کمان کے سربراہ اسماعیل المحلاوی نے اعلان کیا ہے کہ الرمادی کے مغرب میں ابوطیبان علاقے اور ہیت شہر کے مضافاتی علاقوں کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع ہو گئی ہے- عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈر عبدالغنی الاسدی نے بھی کہا ہے کہ اس فورس کے جوانوں نے ہفتے کی صبح صوبہ الانبار کے مغرب میں واقع السکریہ علاقے کو دہشت گردوں کےقبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی شروع کر دی ہے-

اس درمیان اطلاعات ہیں کہ الرمادی کے مغرب میں الدوار اور القطنیہ علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے فوج اور دہشت گردوں کے درمیان جنگ جاری ہے جس میں اب تک بیس دہشت گرد مارے جا چکے ہیں-

دوسری جانب عراق کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرکوک صوبے کے تازہ علاقے میں داعش کے ذریعے زہریلی گیس کے حملے میں زخمیوں کی حالت کا جائزہ لینے کے لئے ڈاکٹروں کی ایک بین الاقوامی ٹیم روانہ کرے-

واضح رہے کہ گذشتہ منگل کو داعش نے کرکوک کے علاقے تازہ میں راکٹوں اور توپخانوں سے حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے خلاف مسٹرڈ گیس کا بھی ا ستعمال کیا تھا جس کی وجہ سے سیکڑوں افراد بری طرح متاثر ہوئے تھے- خبروں کے مطابق اب تک تین بچے مسٹرڈ گیس کے حملے کی وجہ سےاپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ علاقے کے لوگوں میں جلد کے امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

.......

/169