اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں رومانیہ کے وزیر خارجہ لازار کوما نیسکو سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ اس وقت خطے کے بحران ایسی صورتحال اختیار کرگئے ہیں کہ اگر ان کے حل کے لئے متحدہ میکینزم تیار نہ کیا گیا تو صورتحال مزید بدتر ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ایٹمی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ، ایران نے اس معاہدے کے تحت اپنے تمام وعدے پورے کردیئے ہیں لیکن افسوس کہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ، فریق مقابل نے اپنے وعدوں پر عملدرآمد شروع نہیں کیا ہے۔
مجلس شورائے اسلامی کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ تمام شعبوں میں ایران اور رومانیہ کے درمیان تعلقات میں فروغ آئےگا۔
رومانیہ کے وزیر خارجہ لازار کومانیسکو نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے خطے کی بدامنی کے یورپ تک پھیل جانے کی طرف اشارہ کرتےہوئے دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی امداد کے راستے بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ رومانیہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی ترسیل کی بندش، دہشت گردی کے خاتمے کا واحد راستہ ہے۔
.......
/169