1 مارچ 2016 - 04:32
پارلیمانی انتخابات میں بیرونی مداخلت کی بابت روسی صدر کا انتباہ

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے خبر دار کیا ہے کہ بیرونی دشمن ملک کے آئندہ انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پوتن نے خبر دار کیا ہے کہ بیرونی دشمن ملک کے آئندہ انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ستمبر دو ہزار سولہ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ملک کے سیکورٹی اداروں کو پوری طرح چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ صدر پوتن نے روسی سیکورٹی ایجنسی ایف ایس بی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی دشمن انتخابات میں خلل ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ملک کے سیکورٹی اداروں کو ملکی مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لانا چاہئیں۔ روس کے پارلیمانی انتخابات اٹھارہ ستمبر دو ہزار سولہ کو کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ روس میں پارلیمانی انتخابات ایسے وقت میں ہوں گے جب ماسکو کو تیل کی قیمتوں میں کمی اور یوکرین کے معاملے پر مغربی ملکوں کی عائد کردہ پابندیوں کے باعث اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے۔ صدر پوتن نے کئی بار کہا ہے کہ بیرونی خفیہ ایجنسیاں روس میں سرگرم ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک چار سو غیر ملکی ایجنٹوں اور جاسوسوں کا پتہ لگایا جاچکا ہے اور ان میں سے تئیس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشہ سال کے دوران روس کے انٹیلی جینس اداروں اور سرکاری ویب سائٹوں پر چوبیس ملین سائبر حملے بھی کئے گئے ہیں۔

.......

/169