9 فروری 2016 - 21:41
غیرقانونی ڈرون طیاروں سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ عقابوں کا سہارا

ہالینڈ میں پولیس نے غیرقانونی ڈرون طیاروں سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ عقابوں کا سہارا لے لیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہالینڈ میں پولیس نے غیرقانونی ڈرون طیاروں سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ عقابوں کا سہارا لے لیا۔ 
ڈچ پولیس کے ترجمان ڈینس جینس نے کہا ہے کہ یہ ہائی ٹیک مشکل کے مقابلے کا لو ٹیک حل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شوقیہ ڈرون کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے اور پولیس، ائیرپورٹ، عوامی مقامات اور دیگر حساس علاقوں میں غیر لائیسنس یافتہ ڈرون کی پروازوں سے سخت پریشان ہے۔ پولیس نے ایک ویڈیو کی مدد سے دکھایا کہ کس طرح ایک تربیت یافتہ سفید دم والا عقاب ہوا میں اڑنے والے ڈرون پر جھپٹتا ہے اور اسے اپنے پنچے میں دبوچ کے زمین پر لے آتا ہے۔ اس منصوبے پر پولیس کے ساتھ کام کرنے والی کمپنی گارڈ فرام ایبوو کا کہنا ہے کہ کامیابی سے ڈرون کا شکار کرنے والے عقابوں کو تحفہ کے طور پر گوشت کا ٹکڑا دیا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق، عقابوں کے پنجے اتنے مضبوط ہوتے ہیں کہ وہ چار پروں والے عام ڈرون کے پروں سے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے دبوچ کر زمین پر لے آتے ہیں۔ ٹیسٹنگ کے مرحلے کے بعد پولیس رواں سال کے آخر تک اس طریقے کو استعمال کرنے یا مسترد کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

۔۔۔۔۔

/169