2 فروری 2016 - 19:55
داعش کے اثر و رسوخ سے روکنے کے لیے بھارتی وزیر داخلہ کی علماء دین سے ملاقات

ہندوستان کے مسلم علما نے حکومت کو یقین دلایا ہے کہ وہ ملک میں داعش کے ممکنہ اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے حکومت کا پورا ساتھ دیں گے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔۔ابنا۔ ہندوستان کے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے ملک میں داعش کے ممکنہ اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے منگل کو مسلم علما سے ملاقات کی ہے - ہندوستانی وزیر داخلہ نے اس ملاقات میں ہندوستانی نوجوانوں کو اپنی جانب مائل کرنے کے داعش کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے ہندوستانی علما کے تعاون کی درخواست کی - اس ملاقات میں ہندوستان کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر اجیت ڈوال اور وزارت داخلہ کے دیگراعلی حکام بھی موجود تھے - ملاقات میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ نوجوانوں کو اپنی جانب مائل کرنے کے داعش کے ممکنہ منصوبوں کو کس طرح ناکام بنایا جا سکتا ہے- اس ملاقات میں علما نے داعش کے جرائم اور اس کے انسانیت سوز اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ داعش کا اسلام اور اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے - ہندوستان کے مسلم علما نے حکومت کو اس سلسلے میں اپنا پورا تعاون دینے کا یقین دلایا - اس ملاقات میں جمعیت علمائے ہند کے قومی سکریٹری مولانا نیاز فاروقی ، مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سیدکلب جواد نقوی ، اجمیر شریف کے مولاناعبدالوحید حسین چشتی اور کئی دیگر ممتاز علما موجود تھے ۔