31 جنوری 2016 - 16:39
شامی حکومت کے مخالفین امریکہ اور سعودی عرب کے ترجمان ہیں: بشار جعفری

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے اور امن مذاکرات میں شامی ٹیم کے سربراہ نے زینبیہ میں بم دھماکوں کو شام مخالفین اور دہشت گردوں کے درمیان رابطوں کا ثبوت قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے اور امن مذاکرات میں شامی ٹیم کے سربراہ نے زینبیہ میں بم دھماکوں کو شام مخالفین اور دہشت گردوں کے درمیان رابطوں کا ثبوت قرار دیا ہے۔

جینوا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بشار جعفری نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا کو ان اقدامات سے آگاہ کیا ہے جو شامی حکومت عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی مہاجرین کی بڑی تعداد حکومت کی مخالفت کے سبب نہیں بلکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی اور پابندیوں سے پیدا ہونے والی اقتصادی مشکلات کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئی ہے۔

بشار جعفری نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحد کے نمائندے سے پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی اعلان کیا ہے کہ شامی حکومت بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت کے مخالفین مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ مخالفین کا ترجمان ، امریکہ ، فرانس یا سعودی عرب کی وزارت خارجہ کا ترجمان ہے مخالفین کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال شام مخالفین کے نمائندہ وفد کے ارکان کا تعین بھی نہیں ہو سکا ہے اور حتی اقوام متحدہ کے پاس بھی ان لوگوں کی حتمی فہرست نہیں ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ دمشق کے نواحی علاقے زینبیہ میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم سے کم پینتالیس افراد شہید اور ایک سو دس زخمی ہوئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲