19 جنوری 2016 - 18:58
ایران سعودیہ کشیدگی کم کرانے کیلئے پاکستان امن مشن کا پہلا مرحلہ مکمل

ایران سعودیہ کشیدگی کم کرانے کیلئے پاکستان کے امن مشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، ایرانی دارالحکومت تہران میں وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران سعودیہ کشیدگی کم کرانے کیلئے پاکستان کے امن مشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، ایرانی دارالحکومت تہران میں وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

دو برادر اسلامی ملکوں کے رہنماؤں کی ملاقات کا وقت 40منٹ طے تھا،جو ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک طویل ہوگیا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب اور ایران نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کا مثبت جواب دیا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تحفظات موجود ہیں لیکن ایک دوسرے سے دشمنی نہیں چاہتے۔

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کی میزبانی کرنا چاہتا ہے، ایران نے آمادگی ظاہر کردی ہے،سعودی عرب سے رائے لیں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے پاکستان ایران اور سعودی عرب فوکل پرسن تعینات کرنے پر رضا مند ہوگئے ہیں، پاکستان اور ایران کی جانب سے ایک دو روز میں اعلان سامنے آجائے گا،سعودی عرب سے بھی فوکل پرسن مقرر کرنے کی بات کی جائے گی۔

صدر حسن روحانی سے ملاقات سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے اول نائب صدر اسحاق جہانگیری سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف ایرانی وزیر دفاع سے بھی ملے جس میں وزیر اعظم نے سعودی ایران کشیدگی کم کرانے کے لیے پاکستان کی جانب سے بھر پور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایرانی وزیر دفاع سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی عالمی خطرہ ہے، خطہ غیر مستحکم ہوسکتا ہے، مربوط طریقے سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

علاقائی سلامتی کے استحکام کی کوششوں پر ایرانی وزیر دفاع نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پاکستانی عوام سے اظہار تشکر کیا ۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169