اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے آل سعود کے ہاتھوں سعودی عرب کے بزرگ شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ نمر کی شہادت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: آل سعود نے اپنی سفاکیت کی تاریخ میں ایک اور جرم کو ثبت کر لیا ہے۔ ضروری ہے کہ بین الاقوامی تنظیمیں آل سعود کو پہچانیں کہ یہ حکومت کسی طرح کے جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ کہ وہ روزانہ کتنے بے گناہوں کا یمن میں قتل عام کر رہے ہیں ان کے جرائم میں بجائے کمی کے دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے مزید کہا: ہم اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے اس دردناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مہر نیوز سے گفتگو میں کہا: یہ قتل عام جو سعودی حکومت گزشتہ دس مہینوں سے یمن میں انجام دے رہی ہے یا وہ قتل عام جو اس حکومت نے منیٰ میں انجام دیا یا پھر یہ سفاکیت جس کی یہ حکومت آج مرتکب ہوئی ہے ان سے یہ واضح ہو چکا ہے کہ ان ستمکار اور خونخوار حکمرانوں کے اندر انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں اور نہ وہ کسی بین الاقوامی قانون کے قائل ہیں اور نہ ہی ان کے نزدیک کسی دوسرے کی کوئی اہمیت ہے۔
آقائے اختری نے مزید کہا: سعودی عرب کے حامی؛ امریکہ، اسرائیل، برطانیہ اور مغربی ممالک یہ جان لیں کہ وہ کس جانور کی حمایت کر رہے ہیں۔ آل سعود کی حمایت کرنے والے جان لیں کہ وہ کس خونخوار کی پشت پناہی کر رہے ہیں؟
انہوں نے مزید واضح کیا: ہم اس کے ساتھ ساتھ کہ اس واقعہ کو سعودی عرب کی تاریخ سفاکیت کا ایک اہم واقعہ جانتے ہیں اس بات کے معتقد ہیں کہ اس اقدام سے تمام آزاد فکر رکھنے والوں مسلمانوں کے اندر آل سعود کی نسبت نفرتوں میں اضافہ ہوگا۔ اور یقینا بے گناہوں کا خون اس ملک کی نابودی کا باعث بنے گا اور اسے بدبختی اور تباہی کے ایسے دلدل میں پھنسائے گا کہ جہاں سے اس کے لیے نکلنا محال ہو گا۔
واضح رہے کہ آل سعود نے آج بروز سنیچر ۲ جنوری ۲۰۱۶ کو سعودی عرب کے بزرگ اور انقلابی عالم دین آیت اللہ شیخ نمر کو صرف چند بے بنیاد الزامات کی بنا پر پھانسی دے کر شہید کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲