اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عاشقان رسول پاکستان میں مذہبی، سیاسی اور معاشی یزیدوں کے خلاف متحد ہوگئے ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ شکست ہمیشہ باطل کو ہوئی اور فتح حق کو نصیب ہوئی ہے، مجلس وحدت مسلمین ملک بھر کے سنی شیعہ مسلمانوں کو متحد کرکے پاکستان کو امریکا اور خائن عرب ممالک کے چنگل سے آزاد کرائے گی، نواز شریف کی خارجہ پالیسی امریکی اور عرب نواز ہے، الحمد اللہ اس بار 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے بھر پور محفلوں کا انقعاد کرکے ثابت کردیا ہے کہ قوم مذہبی منافرت پھیلانے والے مذہبی دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، متحدہ علماء محاذ کے رہنماء مولانا انتظارالحق تھانوی، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین، پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء خان محمد بلوچ، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین، اباصالح المہدی ویلفیئر ایسوسی ایشن ٹرسٹ کے چیئرمین امداد حسین سمیت دیگر نے مسجد و امام بارگاہ حجت اللہ غازی ٹاؤن ملیر میں منعقدہ میلاد مصطفی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
کانفرنس سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ محب وطن عاشقان رسول(ص) کو ایک لڑی میں پرونے اور سنی شیعہ کو متحد کرکے مظلوموں کو ان کا حق دلانے اور باطل یزیدی قوتوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سنی اتحاد کونسل، جمیعت علماء پاکستان نیازی اور پاکستان عوامی تحریک نے اپنی مشترکہ جدوجہدکا آغاز کردیا ہے اور اس کاروان مزاہمت میں دیگر جماعتوں کو بھی دعوت دی ہے اب ہمارا رخ پورے ملک کی طرف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی، سیاسی اور معاشی یزید مذاکرات کے نام پر ملک میں یزیدی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں جن کی شریعت میں مسلمانوں کے گلے کاٹنا جائز اور چرچوں اور مندروں پر حملہ کرنا ہے۔
کانفرنس سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ محمدی شریعت یہ نہیں کہ کسی بھی اقلیت کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جائے، حکمران غاروں اور بلوں میں چھپنے والے ڈرپوک دہشت گردوں سے ہمیں ڈراتے ہیں، عاشقان رسول ڈرنے والے نہیں فرعونیوں، ابولہبیوں، ابوجہلوں اور یزیدیوں کو ہمیشہ شکست دیتے رہیں گے، یزیدی قوتیں ملک میں تفرقہ پھیلانا چاہتی ہیں اور سیاسی یزیدان کی پشت پناہی کررہے ہیں جن کا تعلق قابیل اور یزید کی نسل سے ہے جن کے مقابلے کے لیے نسل ہابیل، نسل موسوی، نسل ابراہیمی اور نسل حسینی ہمیشہ موجود رہی ہے، 12 ربیع اول کے روز سنی شیعہ اتحاد کے ان عظیم اجتماعات نے یہ بات ثابت کردی کے ملک میں شیعہ سنی متحد ہیں اور تفرقہ ڈالنے والوں کی اس ملک میں کوئی گنجائش نہیں، آل سعود اور آل یہود کے ایجنڈے کی تکمیل کے مقابلے میں شیعہ سنی محب وطن ہمیشہ میدان میں حاضر رہیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کر لیں، 34 ممالک کا اتحاد اسلام کی نمائندگی نہیں کرتا، نواز خاندان سعود خاندان کے احسانات کا بدلہ پاکستان کو خطہ میں لگنے والی آگ میں جھوک دے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲