اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے پیر کے روز تہران میں شام کے سفیر عدنان محمود کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام رہبر انقلاب اسلامی اور صدرمملکت کی ہدایات کے مطابق ظالموں کے مقابل دنیا کے مظلوم ممالک، خاص طور سے اسلامی ممالک، کا ہمیشہ دفاع کریں گے۔ انہوں نے اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جد و جہد میں شامی حکومت اور عوام کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ عراق اور شام جیسے ملکوں میں جنگی حالات گزشتہ کئی مہینوں کی نسبت ان ملکوں کی حکومت اور عوام کے حق میں بدلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے مشکلات و مسائل شامی حکومت اور عوام کے ذریعہ حل ہونے چاہئیں اور تمام ممالک کو اس سلسلے میں صداقت کے ساتھ عمل کرنا چاہئے۔ اس ملاقات میں تہران میں شام کے سفیر عدنان محمود نے شام کی تازہ ترین صورت حال اور دہشت گردوں کے مقابلے میں شامی فوج اور عوام کو ملنے والی کامیابیوں کی وضاحت کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام، خاص طور سے رہبر انقلاب اسلامی، کی طرف سے شامی حکومت اور عوام کی صادقانہ حمایت کی ستائش کی۔
.......
/169