14 نومبر 2015 - 07:59
صدر مملکت نے پیرس میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی/ ڈاکٹر حسن روحانی کا فرانس اوراٹلی کادورہ منسوخ

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کئے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے دن فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ دہشت گردانہ حملوں اور ان میں پیرس کے بے گناہ افراد کی ایک بڑی تعداد کے مارے جانے اور زخمی ہونے کا بہت دکھ پہنچا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے پیغام کی ابتدا میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے، کہ ایرانی قوم بھی دہشت گردی کا شکار رہ چکی ہے، پیرس میں کئے جانے والے دہشت گردانہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فرانس کی سوگوار حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس پیغام میں کہا ہے کہ اس طرح کے دہشت گردانہ واقعات اس اہم پیغام کے حامل ہیں کہ سنجیدہ عزم و ارادے کے ساتھ دہشت گرد گروہوں کا ہمہ گیر مقابلہ کیا جانا چاہئے۔
واضح رہے کہ ان دہشت گردانہ حملوں کے باعث صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا فرانس اوراٹلی کادورہ منسوخ ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی ہفتے کے دن ایک وفد کو ساتھ لے کر اٹلی اور وہاں سے فرانس کے دورے پر روانہ ہونے والے تھے لیکن پیرس میں جمعے کی رات ہونے والے دھماکوں کے پیش نظر یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی صدر مملکت کے اٹلی، ویٹیکن اور فرانس کے دوروں کے منسوخ کئے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔

جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات پیرس کے مختلف علاقوں میں دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں کم از کم ڈیڑہ سو افراد ہلاک اور دوسو زخمی ہوگئے جس کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

.......

/169