4 نومبر 2015 - 17:06
جنرل راحیل کی ملک سلمان سے ملاقات، باہمی سکیورٹی کی فراہمی پر تبادلہ خیال

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ بھی کرے گا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر حکام سے ملاقاتوں میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ بھی کرے گا۔ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ سعودی عرب کیلئے پاکستان اور افواج پاکستان دونوں ہی اہم ہیں۔ پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔

دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی شعبے میں تعاون اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے بردارانہ تعلقات اب باہمی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، خطے میں استحکام اور مسلم امہ کے لئے پاکستان اور سعودی عرب کا کردار بہت اہم ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی قیادت نے یقین دلایا کہ پاکستان کی سالمیت کو کسی بھی قسم کا خطرہ ناقابل قبول ہوگا۔ سعودی عرب پاکستان اور پاک فوج کو بہت اہمیت دیتا ہے اور قیام امن کے لئے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲