15 اکتوبر 2015 - 21:11
ولید المعلم؛ بحران شام کے حل کے لیے ایران کی سیاسی کوششوں کی قدردانی

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی سے ملاقات میں کہا ہے کہ شام کی حکومت بحران شام کے سیاسی حل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے نظریات اور تجاویز کی قدردانی کرتی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ولید المعلم اور علاءالدین بروجردی نے بدھ کے روز دمشق میں شام اور علاقے کے حالات، دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تمام شعبوں خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے میدان میں دمشق اور تہران کے مشترکہ تعاون کو جاری رکھنے کی راہوں کا جائزہ لیا۔ علاء الدین بروجری نے اس ملاقات میں ایران کی جانب سے شام کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گرد گروہوں کے خلاف روس، ایران، شام اور عراق پر مشتمل چار فریقی اتحاد کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ اتحاد ایک مثبت اور کامیاب قدم ہے اور جو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دعویدار ہے اسے اس اتحاد کے بارے میں مثبت موقف اپنانا چاہیے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کی سرکردگی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے بین الاقوامی اتحاد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169