اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شین ھوا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستانی فوج نے جمعرات کو کشمیر کی کنٹرول لائن پر مارٹر گولے فائر کئے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
پاکستانی فوج کے مطابق اس حملے میں مرنے والے عام شہری تھے- پاکستانی فوج نے کشمیر کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج کے مارٹر حملوں کو اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں مرنے والوں میں ایک تیرہ سال کی لڑکی بھی ہے-
پاکستانی فوج کے مطابق کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج کے مارٹر حملوں کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ شروع ہو گئی-
پاکستان کی وزرات خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلام آباد میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر پاکستان کا احتجاج درج کرا دیا گیا ہے-
کشمیر کنٹرول لائن پر فائربندی کی خلاف ورزی ایسے عالم میں ہو رہی ہے کہ اسلام آباد اور نئی دہلی نے ابھی حال ہی میں علاقے میں جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا-
حالیہ دنوں میں ہندوستان اور پاکستان کی بارڈر سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں-
زیادہ تر جھڑپیں کشمیر کنٹرول لائن پر ہوئی ہیں اور ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے پر فائربندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے رہتے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲