اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لبنان کے المیادین نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق شام کے جنوبی شہر سویدا میں دروزی قبیلے کی ایک ممتاز شخصیت نے کہا ہے کہ اس ملک میں مذہبی گروہوں کے درمیان فتنہ پھیلانے کے لئے تکفیری عناصر سازش کر رہے ہیں- شہر سویدا کی ایک ممتاز شخصیت شیخ "یوسف جربوع" نے اس شہر میں دروزی اقلیت کے ایک بزرگ اور شیوخ الکرامہ تنظیم کے رہنما شیخ وحید بلعوس کو ایک دہشت گردانہ حملے میں قتل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہر سویدا کے مختلف مذہبی گروہوں کے درمیان فتنے کی آگ بھڑکانا ہے- شیخ یوسف جربوع نے شہر سویدا کے بعض باشندوں کی جانب سے، کہ جن میں زیادہ تر دروزی ہیں، جلد بازی میں ردعمل ظاہر کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کرنے والے اپنے پروپیگنڈے کے ذریعے اس شہر کے عوام کو شام کی حکومت کے خلاف اکسانا چاہتے ہیں- انہوں نے دہشت گردوں کی جانب سے ان افواہوں کے پھیلائے جانے کے بارے میں خبردار کیا کہ جن میں حکومتی اداروں کو شیخ بلعوس کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے- واضح رہے کہ شام کے شہر سویدا میں دو کار بم دھماکوں میں چھبیس افراد ہلاک اور دسیوں دیگر زخمی ہو گئے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲