اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق میں دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ میڈیا آفس نے ہفتے کے روز عراق میں داعش گروہ کی طرف سے بچوں کو دہشت گردانہ حملوں کی تربیت دئیے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک ویڈیو فلم نشر کی ہے- اس ویڈیو فلم میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ تین ازبک بچے تین عراقی فوجیوں کو گولی مارکر قتل کرتے دکھائے گئے ہیں- اس سے پہلے عراق کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے بھی موصل میں داعش کے ایسے چار عسکری اڈوں کی خبر دی تھی جہاں بچوں کو دہشت گردانہ کارروائیوں کی تربیت دی جاتی ہے- انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے کہا تھا کہ تکفیری دہشت گرد ان عسکری اڈوں میں اغوا کئے گئے بارہ سو بچوں کو دہشت گردی کی تربیت دیتے ہیں- داعش کے دہشت گردوں کی تعداد میں بھاری کمی کی وجہ سے یہ دہشت گرد گروہ بچوں کو زبردستی گروہ میں شامل کر رہا ہے-

.......
/169