اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ترکی کی خبر رساں ایجنسی اناطولیہ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے ہفتے کے دن شہید محمد صادق صدر کی سترہویں برسی کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے اسّی ممالک سے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر عراق آئے ہیں۔ ابراہیم جعفری کا کہنا تھا کہ عراق دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے ساتھ ساری دنیا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ ابراہیم جعفری نے عراق میں مالی بدعنوانی اور دفاتر میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے مقابلے اور اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی اصلاحات کے عمل میں تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ محمد صادق صدر عراق کے شیعہ مرجع تقلید تھے۔ ان کو عراق کے سابق ڈکٹیٹر صدام کی حکومت نے سنہ انیس سو ننانوے میں شہید کر دیا تھا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کے بیس سے لے کر اکتیس ہزار پانچ سو تک عناصر موجود ہیں۔ البتہ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ عراق میں اس دہشت گرد گروہ کے کم از کم دو لاکھ عناصر موجود ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲