اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ریڈیو تہران کی پشتو سروس کی رپورٹ کے مطابق قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے انچارج ملا محمد طیب آغا نے منگل کے دن اپنے استعفے کا اعلان کیا۔ ملا محمد طیب نے کہا کہ ملا عمر کی ہلاکت کو خفیہ رکھنا اور دوسرے ملکوں کے زیر اثر اس کے جانشین کا انتخاب طالبان کی دو تاریخی غلطیاں ہیں۔ ملا محمد طیب کا مزید کہنا تھا کہ ملا عمر کے جانشین کا انتخاب طالبان کے سینیئر کمانڈروں کے توسط سے اور ان افراد میں سے عمل میں لایا جانا چاہئے تھا جنہوں نے طالبان کے اہداف و مقاصد کے لئے جنگ کی ہے۔ ملا محمد طیب نے کہا کہ آج کے بعد وہ طالبان کی کسی سرگرمی میں شریک نہیں ہوں گے، افغانستان کے امن مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے اور طالبان کے فیصلوں میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔ واضح رہے کہ محمد طیب آغا افغانستان میں طالبان کی حکومت کے زمانے میں ملا عمر کا سیکریٹری تھا اور اس کے بعد اسے سنہ دو ہزار نو میں طالبان کے سیاسی دفتر کا انچارج بنا دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲