اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق عراق کے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہونے اور ریکارڈ توڑ گرمی کا سلسلہ جاری رہنے پر وزیر اعظم حیدر العبادی نے جمعرات کے روز حکم جاری کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے نظام الاوقات کے مطابق صدر، وزیر اعظم، وزرا، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور صوبوں کے گورنروں سمیت تمام اعلی حکام کے گھروں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جائے- حیدر العبادی نے سرکاری خزانے سے عراقی حکام کے گھروں کے بجلی کے بل بھی ادا کئے جانے پر پابندی لگا دی ہے- عراقی وزیراعظم کے حکم کے مطابق دفتری اوقات کے علاوہ تمام محکموں اور اداروں کی بجلی منقطع کر دی جائے گی- حالیہ ایام میں عراق کے بعض علاقوں میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں- عراقی حکومت نے پچاس ڈگری سے زیادہ کی شدید گرمی کے پیش نظر ملک میں چار دن کی عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے- قابل ذکر ہے کہ حکومت عراق دو ہزار چودہ کے آخر تک بجلی کی پیداوار میں آٹھ ہزار میگاواٹ اضافہ کر کے بجلی کی کمی کو دور کرنا چاہتی تھی لیکن داعش دہشت گرد گروہ کے منظرعام پر آنے اور بجلی گھروں اور بجلی سپلائی لائنوں پر اس گروہ کے حملوں کی وجہ سے حکومت اپنے اس منصوبے پر عمل نہیں کر سکی-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲