20 جولائی 2015 - 10:11
مسعود بارزانی نے ایک بارپھر اپنے اشتعال انگیز موقف کو دہرایا

عراق کے علاقے کردستان کے سربراہ نے ایک بار پھر اس علاقے کے عراق سے الگ کئے جانے پر مبنی اپنے اشتعال انگیز موقف کو دہرایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے کردستان کے علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی نے پیشمرگہ فورس کے فوجی مرکز کا دورہ کرتے ہوئے عراق سے اس علاقے کو الگ کئے جانے کو کردوں کا قانونی حق قرار دیا ہے۔
مسعود بارزانی نے اس علاقے میں صدارتی نظام حکومت کے بجائے پارلیمانی نظام حکومت نافذ کئے جانے پر مبنی اس علاقے کی بعض جماعتوں کے مطالبے پر تنقید کی اور ان جماعتوں کا نام لئے بغیر کہا کہ مخالفین کو آزادی حاصل ہے کہ وہ عراقی کردستان سے باہر کسی دوسری جگہ جا کر زندگی بسر کر سکتے ہیں۔

عراق کے کردستان کے علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی نے موجودہ حساس حالات میں عراق کے قومی مفادات کو مدنظر رکھے بغیر ملک کو درپیش کٹھن صورتحال کو کردوں کی آزادی کے لئے ایک سنہری موقع قرار دیا۔ مسعود بارزانی نے اس قبل بھی اپنے خود سرانہ اور مشکوک اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے واشنگٹن کا دورہ کر کے امریکی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔
مسعود بارزانی نے ان ملاقاتوں میں عراق کی تقسیم کے سلسلے میں امریکی حکام کے ساتھ مشاورت کی تھی جس پر عراق کی رائے عامہ نے شدید اعتراض کیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169