اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی پولیس کے کمانڈر رائد شاکر جودت نے کہا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی فورس نیز قبائلی جوانوں کی مشترکہ کارروائیوں میں الرمادی کے جنوبی علاقے میں پینتیس دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ دہشت گردوں نے الحصیبہ کے علاقے پرحملہ کرکے الرمادی کے محاصرے کو توڑنے کی کوشش کی تھی لیکن عراقی فورسز نے یہ حملہ ناکام بنا دیا۔ رائد شاکر جودت نے کہا کہ الرمادی کے مشرقی علاقے حصیبہ اور المضیق میں بارہ دہشت گرد منجملہ کئی خواتین نشانہ باز ہلاک ہوئی ہیں۔ ادھر داعش نے الرمادی میں اولمپیک اسٹیڈیم کو تین ٹن دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا۔ یہ اسٹیڈیم الرمادی کے مغربی حصے میں واقع تھا۔ دوسری جانب شہر فلوجہ میں فوج نے قبائلی فورس کے ساتھ مل کر محاصرہ تنگ کر دیا ہے اور مرکزی شہر کی طرف پیش قدمی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلوجہ میں حی جبیل کے علاقے میں راکٹ حملوں میں اٹھارہ دہشت گرد مارے گئے ہیں اور ان کا ایندھن کا ذخیرہ بھی تباہ ہو گیا۔ ادھر عراق کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی فضائیہ کے طیاروں نے موصل کے مغربی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں۔ شہر موصل، عراق کے شمال میں واقع ہے۔ دوسری جانب شہر الرمادی کے الکبیسہ علاقے میں الکبیسات قبیلے نے داعش کے خلاف ہتھیار اٹھاتے ہوئے علاقے میں اس گروہ کے سرغنہ سلام فاضل باشا کو ہلاک کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲