اہل بیت(ع) نیوز ایجسنی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کے نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ویانا مذاکرات کے نتائج نے ایرانیوں کو عظیم عزت و سربلندی عطا کی ہے اور یہ عزت و سربلندی، ایرانی قوم کے صبر و استقامت اور ایران کی مذاکراتی ٹیم کی انتھک کوششوں کی مرہون منت ہے- تہران کے خطیب نماز جعمہ نے کہا کہ ایران کے عوام نے دشمن کی مسلط کردہ اقتصادی مشکلات پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے دشمنوں کو ناامید کردیا اور ان کو بتا دیا کہ ان کی ظالمانہ پابندیاں ایرانی قوم کو اپنے جائز حق کے حصول سے باز نہیں رکھ سکتیں اور اس طرح انہوں نے بڑی طاقتوں کو جھکنے اور ان کے حق کا احترام کرنے پر مجبور کر دیا-آیت اللہ موحدی کرمانی نے ویانا کے ایٹمی مذاکرات کے نتائج کو رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کا بھی مرہون منت قرار دیا- انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے مذاکرات کے تمام مراحل کا گہرائی سے جائزہ لیا اور مذاکراتی ٹیم کی صحیح سمت میں رہنمائی فرمائی- تہران کے خطیب جمعہ نے ویانا مذاکرات کے نتائج پر صیہونی اور سعودی حکومتوں کی برہمی اور تلملاہٹ کی وجہ، ان مذاکرات میں ایرانی اہداف کا عملی ہونا قرار دیا- انہوں نے کہا کہ ویانا کے بیان کی حتمی صورت حال واضح نہیں ہے کیوں کہ ابھی اس کی امریکی کانگریس، مجلس شورائے اسلامی اور ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل میں منظوری ہونا باقی ہے- آیت اللہ موحدی کرمانی نے ماضی کے ریکارڈ کے پیش نظر فریق مقابل کے ناقابل اعتماد ہونے کے سبب ایران کے ایٹمی وفد کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ کو سخت دنوں کا سامنا ہے کیوں کہ ابھی ممکنہ طور پر مذاکراتی فریق میں سے کوئی بھی اپنی وعدے سے مکر سکتا ہے- انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام، اسی سمجھوتے پر راضی ہوں گے جن سے ان کے حقوق کی تکمیل ہو گی اور ایران کی ریڈ لائنز کی بھی رعایت کی جائے گی-