15 جولائی 2015 - 15:30
افغانستان نے ایران کے ایٹمی معاہدے کا خیر مقدم کیا

افغانستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مغرب کی ایران مخالف یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے سے علاقائی ممالک کے تجارتی تعلقات میں زیادہ سے زیادہ توسیع آئے گی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے بدھ کے دن ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی معاہدے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ افغانستان نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے ایران کے ایٹمی معاملے کے حل کی حمایت کی اور وہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے معاہدے کو خطے کے ممالک کے اتحاد، باہمی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے لئے مفید جانتا ہے- افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کے نتائج کو دنیا اور علاقائی ممالک کے مفاد میں قرار دیا ہے- حامد کرزئی نے اس معاہدے کو ایران کی حکومت اور قوم کی کامیابی قرار دیتے ہوئے ایران کی قوم اور رہبر انقلاب اسلامی کو مبارکباد پیش کی- افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے بھی منگل کے دن ایران کی حکومت اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی حکومت خطے میں امن و استحکام کی تقویت نیز ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں توسیع پر منتج ہونے والے ہر اقدام کا خیر مقدم کرتی ہے- واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان بارہ برس کے ایٹمی مذاکرات کے بعد چودہ جولائی کو ایک معاہدہ طے پا گیا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲