9 جولائی 2015 - 10:22
شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستان کی رکنیت پر روس کی حمایت

روس کے صدر نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستان کی مکمل رکنیت کا عمل شروع ہو رہا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بدھ کے روز ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے روس کے شہر اوفا میں ملاقات کی- اس ملاقات میں پوتین نے کہا کہ شہر اوفا میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہندوستان کو مکمل رکنیت دینے کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے- روسی صدر نے برکس گروپ پر روس کی سربراہی کے تعلق سے ہندوستان کی حمایت کو سراہا- انہوں نے کہا کہ شہر اوفا میں برکس کے سربراہی اجلاس میں، برکس کے رکن ملکوں کی اقتصادی شراکت کی طویل المدت اسٹریٹیجی کی تائید، اور ترقیاتی بینک کی سرگرمی کا آغاز ہو گیا ہے- ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ دو ہزار نو میں تشکیل پانے والے برکس گروپ کے باہمی تعاون کے نتائج آج قابل مشاہدہ ہیں- نریندر مودی نے، شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستان کی رکنیت کی حمایت کے لئے روس کا شکریہ ادا کیا- واضح رہے کہ برکس گروپ کا ساتواں سربراہی اجلاس اور شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس نو اور دس جولائی کو روس کے شہر اوفا میں منعقد ہو رہا ہے-برکس گروپ میں روس، ہندوستان، چین، جنوبی افریقہ اور برازیل شامل ہیں- اس وقت روس شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲