اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے یوم امام حسن علیہ السلام کے موقعہ پر راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے اعزاز میں افطاری دی، جس میں نامور مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کے حکمران آئین پاکستان کی رو سے اقتدار کے لئے نااہل ہیں۔ آئین میں واضح طور پر تحریر ہے کہ پارلیمنٹ کے نمائندگان کے لئے ضروری ہے کہ وہ نیک، دیندار، باکردار اور دیانتدار ہوں۔ کرپٹ اور بےایمان لوگ کی حکمرانی دراصل آئین پاکستان کے بنیادی نکات سے انحراف ہے۔ اس وقت جو ظالم طبقہ تخت نشین ہے وہ دھاندلی، بدکردار لوگوں کی معاونت اور چور دروازے کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوا ہے۔ دنیا کے ہر ملک میں بحرانوں سے نکلنے اور اقتدار کو اہل افراد کو منتقل کرنے کے لئے شفاف انتخابات کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے، لیکن ہمارے ہاں الیکشن مزید بحرانوں کا سبب بنتے ہیں۔ جب تک ظالموں کی طرفداری کو عملی طور پر مسترد نہیں کیا جاتا، تب تک ہم ایسے ہی بدکردار گروہوں کی گرفت میں پھنسے رہیں گے۔ ہمیں مل کر تہیہ کرنا ہوگا کہ حسینی کردار ادا کرتے ہوئے ظالم کی کبھی حمایت نہیں کرنی۔ یہ ملک ہمارا مادر وطن ہے، اس کی حفاظت ہم پر واجب ہے۔ ہم نے ظالموں کے چنگل سے اسے آزاد کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲