اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کے ڈائیریکٹر، رابرٹ ٹرنر نے کہا ہے کہ گذشتہ آٹھ سال سے صیہونی حکومت نے غزہ پٹی کا محاصرہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے فلسطینی عوام کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ رابرٹ ٹرنر نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے لئے مالی ذرائع میں شدید کمی آ گئی ہے اور صیہونی حکومت کے محاصرے نے حالات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جس کی وجہ سے امداد رسانی میں مزید رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا نے اعلان کیا ہے کہ سنہ دو ہزار چودہ میں صیہونی افواج نے غزہ پٹی میں نو ہزار گھر مکمل طور پر تباہ کر دئے تھے جبکہ ایک لاکھ بیس ہزار رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایک بھی تباہ شدہ عمارت کی تعمیر نو کا سلسلہ شروع نہیں ہوا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اکتوبر سنہ دو ہزار چودہ کو عرب ممالک نے غزہ پٹی کی تعمیر نو کے عنوان کے تحت قاہرہ میں ایک اجلاس منعقد کیا تھا۔ اجلاس کے دوران پانچ ارب چالیس کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم یہ رقم فراہم نہ ہونے کی وجہ سے، تعمیرنو کا سلسلہ سست روی کا شکار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲