اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطین الیوم ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے چھ فلسطینی خواتین کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ مسجد الاقصی میں نماز ادا کر کے باہر نکل رہی تھیں- صیہونی فوجیوں نے ان خواتین کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے- ادھر دسیوں صیہونی آباد کار باب المغاربہ کے دروازے سے مسجدالاقصی میں داخل ہوئے- انہیں اسرائیلی فوجیوں کی مکمل سیکورٹی حاصل تھی۔ یہ صیہونی مسجد الاقصی میں یہودی رسومات انجام دینا چاہتے تھے لیکن مسجد میں موجود فلسطینیوں نے ان کو ایسا نہیں کرنے دیا- واضح رہے کہ اسرائیل نے سنہ انیس سو سڑسٹھ میں اردن کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا- اس معاہدے کی رو سے اسرائیل نے اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ کوئی بھی غیر مسلم مسجد الاقصی کی چار دیواری میں داخل نہیں ہوگا- اس معاہدے میں یہودیوں کو صرف اس مسجد کی مغربی دیوار کے پاس جانے کی اجازت دی گئی تھی- لیکن صیہونی حکومت دوسرے معاہدوں کی طرح اس معاہدے کی بھی خلاف ورزی کرتی رہتی ہے اور انتہا پسند صیہونی اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے مسلمانوں میں اشتعال پیدا کرنے کے مقصد سے آئے دن مسجد الاقصی کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲