اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لبنان کی العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی جمعیت اسلامی الوفاق کے سیکرٹری جنرل کو بدھ کے دن عدالت میں پیش کیا گیا لیکن اس ملک کی فوجداری عدالت نے شیخ علی سلمان کے وکلائے صفائی کے دلائل سنے بغیر عدالتی کارروائی کے خاتمے کا اعلان کر دیا اور آئندہ پیشی کے لئے سولہ جون کی تاریخ مقرر کی۔ دوسری جانب شیخ علی سلمان کے وکلائے صفائی کی ٹیم کے ایک رکن عبداللہ الشملاوی نے کہا ہے کہ اس ٹیم نے عدالتی کارروائی شروع ہونے سے قبل شیخ علی سلمان کے ساتھ ملاقات کی اور صفائی کے دلائل کے بارے میں گفتگو کی۔ واضح رہے کہ شیخ علی سلمان کے وکلائے صفائی بحرین کے اس مجاہد عالم دین کی تقاریر کی ویڈیو عدالت میں پیش کرنا چاہتے تھے لیکن آل خلیفہ کی عدالت نے ان کو اس کی اجازت نہیں دی- شیخ علی سلمان کے وکیلوں ںے عدالت میں گواہی کے لئے وزیر داخلہ سمیت بعض حکام کو پیش کئے جانے اور شیخ علی سلمان کی ضمانت پر رہائی کا مطالبہ بھی کیا لیکن عدالت نے ان کے مطالبات مسترد کر دیئے۔ شیخ علی سلمان کو آزادی اور جمہوریت پر مبنی بحرینی عوام کے جائز مطالبات کی حمایت کی بناء پر اٹھائیس دسمبر کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور وہ اب تک حراست میں ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے بارہا کہا ہے کہ شیخ علی سلمان پر چلایا جانے والا مقدمہ منصفانہ نہیں ہے اور یہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق بھی نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲