اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سیدحسن نصراللہ نے مسلمان ملکوں کے خلاف امریکا کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ہمیشہ اسلامی ملکوں کو کمزور کرنے کی کوششوں میں لگا رہتاہے سید حسن نصراللہ نے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت کی مبارک تاریخ کے موقع پر اپنے خطاب میں فلسطین پر غاصبانہ قبضے کی برسی یا یوم نکبت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ آج انیس سو اڑتالیس کے ؛نکبت؛ سے زیادہ خطرناک ؛نکبت؛ سے دوچار ہے جس کا بانی امریکا اور اسرائیل ہے-
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصراللہ نے کہاکہ امریکا اور اسرائیل داعش جیسے تکفیری دہشت گردگروہوں کو تشکیل دےکر اسلامی ملکوں کو کمزور اور انہیں نابود کرنے کی کوشش کررہے ہیں-
انہوں نے علاقےمیں تکفیری دہشت گردگروہوں کے وحشیانہ اقدامات کا ذکرکرتے ہوئےکہا کہ جس طرح سے ماضی میں مسئلہ فلسطین میں برطانوی اور صیہونی منصوبوں کے تحت فلسطینیوں سے غداری اور ان پر ظلم کیاگیا اسی طرح آج ایک بارپھر امریکی- تکفیری ؛نکبت؛ کے خیانت آمیز منصوبوں کا ہمیں سامنا ہے جن کا مقصدعلاقےکے ملکوں کو کمزور یا پھر نابود کردینا ہے- سید حسن نصراللہ نےامریکا پرعلاقے کے بعض ملکوں کے اعتمادکا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں کے تجربات نے ثابت کردیا ہے کہ امریکا پر بھروسہ کرنے کا علاقےکے ملکوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے کیونکہ مغربی ممالک اور امریکا صرف اپنے مفادات کی فکر میں رہتے ہیں-
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے شام اور لبنان کے سرحدی علاقوں اور خاص طور پر القلمون کےعلاقے میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے شامی فوج اور حزب اللہ کی مشترکہ کاروائیوں کے بارے میں کہا کہ ان کاروائیوں کے نتیجے میں اس علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا اور ان کے ہتھیاروں کےگوداموں کو بھی تباہ کردیاگیا ہے-
انہوں نےکہاکہ القلمون کےعلاقے میں دہشت گردوں کاصفایاکرکے شام اور لبنان کے سرحدی علاقوں کے شہروں اور دیہاتوں میں امن پوری طرح بحال کردیا گیا ہے- انہوں نے کہاکہ القلمون کی جنگ میں شامی اورلبنانی جیالے تکفیری دہشت گردوں کےمقابلے میں امت اسلامیہ کے دفاع میں متحد ہوئے ہیں- سید حسن نصراللہ نے یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود نے یمن کے عوام پر جنگ مسلط کرکے یمن اور علاقےکے عوام کے نزدیک اپنی حیثیت اور اعتبار کھودیا ہے-
انہوں نے یمن میں سعودی فوج کےہاتھوں بڑی تعداد میں عام شہریوں کے قتل عام ،رہائشی مکانات اوربنیادی تنصیبات کی تباہی کا ذکرکرتے ہوئےکہا کہ سعودی عرب کے جرائم اتنے سنگین ہیں کہ آل سعود کے مظالم وجرائم کا صرف فلسطینی عوام پرصیہوںی حکومت کےہی وحشیانہ مظالم سےموازنہ کیاجاسکتا ہے- سید حسن نصراللہ نے اپنی جسمانی صحت کے بارے میں اغیارکے ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈوں کو بے بنیاد بتاتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروپیگنڈوں کامقصد صیہونیت مخالف مزاحمتی قوتوں کے جوانوں کےحوصلے پست کرنے کے لئےایک نفسیاتی جنگ چھیڑنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169