16 مئی 2015 - 14:48
عراقی صوبہ الانبار کے باشندے مسلح کئے جائیں: عراق کے نائب صدر

عراق کے نائب صدر اسامہ النجیفی نے صوبہ الانبار کے باشندوں کو مسلح کئےجانے کی ضرورت پرزوردیاہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی نائب صدر اسامہ النجیفی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں صوبہ الانبار میں پیدا ہونے والی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صوبے کے افراد کو داعش دہشت گرد گروہ کا مقابلہ کرنے کی اجازت دی جائے اور جلد از جلد اس علاقے کے باشندوں کو مسلح کیا جائے۔ اسامہ النجیفی نے کہا کہ صوبہ الانبار میں داعش دہشت گردوں کو تیزی سے شکست دینا اور اس صوبے کے باشندوں کے مصائب و آلام میں کمی لانا ضروری ہے۔ عراق کے نائب صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے صوبہ الانبار کے عوام کو سخت صورتحال کا سامنا ہے کہا کہ داعش کو کچلنے کے لئے فوج، قبائل اور سیاسی گروہوں کے درمیان اتحاد ناگزیر ہے۔ واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے صوبہ الانبار کے علاقوں میں داخل ہونے کے بعد انتہائی بربریت سفاکی کے ساتھ عام شہریوں کا قتل عام کیا ہے اور یہ گروہ بڑے پیمانے پر جارحانہ کاروائیاں انجام دے رہا ہے.

.......

/169