13 مئی 2015 - 14:04
ایران کے خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ کی بشار الاسد سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے دمشق میں شام کے صدر بشاراسد سے ملاقات کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے جو ایک پارلیمانی وفد کے ہمراہ شام کے دورے پر ہیں شام کے صدر بشاراسد سے ملاقات میں کہا کہ تہران شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی حمایت پرمبنی اپنے موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قوتوں کے دشمنوں کو شکست ہوچکی ہے اور یمن سے لے کر عراق اور شام کے واقعات انہی حقائق کو ظاہر کرتے ہیں شام کے صدر بشاراسد نے بھی اس ملاقات میں شام کے عوام اور حکومت کے لئے قائد انقلاب اسلامی، ایرانی حکومت اورعوام کی بے دریغ حمایتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شام آج صیہونیت مخالف محاذ پردشمنوں سے مقابلے میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دہشت گرد گروہوں کے لئے غیر ملکی امداد جاری ہیں لیکن شام کی فوج اور عوام بدستور جنگ کے میدان میں ثابت قدم ہیں۔ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے شام کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد جہاد لحام سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایران اور شام کے پارلیمانی تعلقات کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔ اس سے پہلے دمشق ہوائی اڈے پر پہنچنے پر علاء الدین بروجردی نے کہاکہ مختلف طاقتوں کے ذریعے دنیا کے اسّی سے زائد ملکوں سے شام کے اندر دہشت گردوں کو بھیجنے اور ان پر اربوں ڈالر خرچ کئے جانے کے باوجود شام کے عوام نے ان دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ہم شام کے عوام کے جذبہ استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲