اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب اور سندھ کے سرحدی کچے کے علاقے میں پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ شب سندھ اور پنجاب کے سرحدی علاقے رونتی میں تھانہ ماچھکہ کی پولیس چوکی پر آصف عرف چھوٹو گینگ کے 30 سے زائد ڈاکوؤں نے حملہ کر کے اے ایس آئی سمیت 7 اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔ مغوی اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے پولیس کا ایک اعلٰی سطحی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد رونتی کے علاقے میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن میں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان اور رحیم یارخان سے پولیس کمانڈوز، پنجاب کانسٹیبلری کی بڑی تعداد میں نفری حصہ لے رہی ہے۔ ابھی تک اس آپریشن میں ڈاکوؤں کے پانچ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں، تاہم رات کے اندھیرے کے باعث آپریشن کو ملتوی کرنا پڑا ہے۔ پولیس کے مطابق صبح سویرے یہ آپریشن دوبارہ اسی طاقت کے ساتھ شروع ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169