3 دسمبر 2024 - 11:13
پاک ایران وزرائے خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے استحکام پر تاکید + ویڈیو

ایران کے شہر مشہد مقدس میں منعقدہ ECO سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی پاک ایران وزرائے خارجہ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور اہم عالمی مسائل کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، پاکستانی وزارت خارجہ کے دفتر تعلقات عامہ سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مشہد میں اپنے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے۔

یہ ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے 28ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، جو ایران کی میزبانی میں مشہد مقدس میں منعقد ہو رہا ہے۔

عراقچی اور اسحاق ڈار نے تازہ ترین علاقائی صورتحال، اہم عالمی مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور فریقین نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

مذکورہ ملاقات کے موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور ایران میں پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو بھی موجود تھے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا نے گذشتہ ہفتے بتایا تھا کہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اپنے دورہ مشہد کے دوران ECO تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور تنظیم کے اہداف کی حمایت کے ساتھ ساتھ علاقائی مواصلاتی ترقی کے منصوبوں کے فروغ، ویزوں میں سہولت کی فراہمی اور سرحدی تعلقات کو بہتر بنانے پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

ممتاز زہرا کے مطابق، اسحاق ڈار  نے مشرق وسطیٰ میں بدامنی میں اضافے پر پاکستان کی طرف سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔

110