17 نومبر 2024 - 11:32
تل ابیب کے علاقے میں عراق سے داغے گئے ڈرون کا زبردست دھماکہ / ام الرشراش میں تین اہداف پر حملے

ذرائع نے جنوبی تل ابیب کے مقبوضہ علاقے میں ڈرون کے داخل ہونے اور دھماکے کی اطلاع دی ہے جبکہ عراقی اولیاء الدم بریگیڈز نے ام الرشراش (ایلات) میں تین اہم صہیونی اہداف پر ڈرون حملوں کا اعلان کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، قطری چینل الجزیرہ نے صہیونی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ایک ڈرون مشرق کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں داخل ہؤا جس کے بعد نِس تسیونا سمیت مرکزی علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔

صہیونی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایک مشکوک شیئے مقبوضہ علاقوں کے مرکزی علاقے میں داخل ہوئی ہے۔

صہیونی نیوز ویب گاہ واللا نے یہ بھی بتایا کہ سائرن بجنے کے بعد GPS سسٹم غیر فعال ہو گیا۔

صہیونی اخبار اسرائیل ہیوم نے بھی خبر دی ہے کہ یہ ڈرون جنوبی تل ابیب میں رحوفوت چوراہے کے قریب دھماکے سے پھٹ گیا۔

معاریف اخبار نے لکھا کہ یہ ڈرون مشرق کی طرف سے مقبوضہ علاقوں میں داخل ہؤا ہے اور عراقی سرزمین سے داغا گیا ہے۔

ادھر عراقی اسلامی مقاومت نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مقبوضہ فلسطین کے جنوابی علاقے ام الرشراش (ایلات) میں تین اہم اہداف کو ڈرون طیاروں کا نشانہ بنایا ہے

المیادین کے مطابق، "اولیاء الدم" نامی عراقی بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے اتوار [17 نومبر 2024ع‍‌] کو، غاصبوں کے خلاف جدوجہد کے دائرے میں، فلسطینی و لبنانی عوام کی حمایت اور عام شہریوں ـ بشمول خواتین، بچوں اور بزرگوں کے خلاف صہیونیوں کی جارحیت کے جواب میں ام الرشراش بندرگاہ (ایلات) میں تین اہم اہداف کو دو بار ڈرون طیاروں کا نشانہ بنایا ہے۔

عراقی اسلامی مقاومت نے اعلان کیا کہ صہیونی غاصبوں کے خلاف اس کے حملوں میں مزید شدت لائی جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔

110