29 جون 2024 - 22:49
ایران ـ سعودی وزرائے خارجہ کا ٹیلفونک رابطہ، تعلقات میں بہتری پر اظہار اطمینان / غزہ پر صہیونی جارحیت پر تشویش

اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری وزیرخارجہ نے سعودی ہم منصب سے ٹیلفونک رابطہ کرکے باہمی تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، ایرانی عبوری وزیرخارجہ ڈاکٹر علی باقری نے سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور باہمی تعلقات سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر علی باقری نے حج کے موقع پر حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے تہران میں ایشین کواپریشن ڈائیلاگ کے دوران سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران اور ریاض کے درمیان سفارتی تعلقات میں اضافہ امید بخش ہے۔

ایرانی عبوری وزیرخارجہ نے غزہ اور غرب اردن میں جاری صہیونی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک کو دھمکی دینا صہیونی حکومت کی فطرت میں شامل ہے۔ نتن یاہو غزہ میں ہونے والی عبرتناک شکست سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مسلم ممالک سے اپیل کی کہ صہیونی حکومت کے جرائم کو روکنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنان پر حملے کی صہیونی دھمکی تشویشناک ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110