1 جون 2024 - 12:12
یمنی افواج کا امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ڈیوائٹ ڈی آئزن ہاور پر میزائل حملہ

یمنی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں تعینات امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ڈیوائٹ ڈی آئزن ہاور (USS Dwight D. Eisenhower) کو کئی بیلسٹک اور کروز میزائلوں کا نشانہ بنایا اور یہ حملہ کامیاب رہا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، یمنی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ یمنی مسلح افواج نے دارالحکومت صنعاء اور کئی دوسرے یمنی شہروں پر امریکی اور برطانوی حملوں کے جواب میں، اور غزہ کے مظلوموں پر صہیونی جارحیت پر اپنے دائمی رد عمل کے طور پر، امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ڈیوائٹ ڈی آئزن ہاور (USS Dwight D. Eisenhower) پر میزائل حملہ کیا ہے۔

بریگیڈیئر یحییٰ سریع کا کہنا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ نے گذشتہ کئی گھرٹوں سے یمن کے متعدد شہروں کو بمباری کا نشانہ بنایا اور ان حملوں میں 16 یمنی شہری شہید اور 41 زخمی ہوئے۔

انھوں نے کہا: امریکی اور برطانوی جارحوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء، اور الحدیدہ اور تعز کے صوبوں میں کئی شہروں کو بمباری کا نشانہ بنایا اور ان حملوں میں الحدیدہ کے ریڈیو اسٹیشن، الصلیف کوسٹ گارڈ کے اڈے جیسے غیر فوجی ٹھکانوں اور کئی تجارتی بحری جہازوں کو نقصان پہنچایا۔ امریکی - برطانوی اتحاد نے نہتے شہروں کو نشانہ بنایا جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یہ حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے مزید کہا: یمن کی میزائل فورس اور بحریہ نے ـ ان جرائم کے جواب میں، اور امریکہ اور برطانیہ کی جارحیتوں اور مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کے یمنی عہد کی رو سے، ـ ایک مشترکہ کاروائی کے ضمن میں، بحیرہ احمر میں تعینات امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ڈیوائٹ ڈی آئزن ہاور (USS Dwight D. Eisenhower) کو کئی بیلسٹک اور کروز میزائلوں کا نشانہ بنایا اور یہ حملہ کامیاب رہا۔

انھوں نے کہا: ہم اپنی سرزمین پر ہونے والے کسی بھی حملے کا فوری اور براہ راست جواب دینے کی اپنی پالیسی پر کاربند ہیں اور ہر نئی جارحیت کے جواب میں، بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں موجود خطرے کے تمام سرچشموں اور امریکی اور برطانوی اہداف کو جوابی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔

انھوں نے کہا: امریکی اور برطانوی جرائم ہمیں کسی صورت میں بھی غزہ کے محصور عوام کے حوالے سے، اپنے دینی، اخلاقی اور انسانی فرائض کی انجام دہی سے نہیں روک سکیں گے اور ہماری کاروائیاں غزہ پر جاری جارحیت اور غزہ کے محاصرے کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ یمنی افواج نے گذشتہ کئی مہینوں سے، غزہ میں فلسطینی مقاومت کی حمایت میں، بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں، درجنوں امریکی، برطانوی اور اسرائیلی جہازوں، نیز مقبوضہ فلسطین جانے والے جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔

یمنی افواج نے عہد کیا ہے کہ جب تک کہ غاصب صہیونی افواج غزہ پر اپنی جارحیت بند نہیں کریں گی، وہ مقبوضہ فلسطین کی طرف جانے والے تمام جہازوں کو یمن کے اطراف کے پانیوں میں نشانہ بناتی رہیں گی۔

۔۔۔۔۔۔۔

110