عالمی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی - ابنا - کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ کے نائب سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اپنے ٹویٹ پیغام میں، فلسطین کی صورت حال پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔
انھوں نے لکھا: دوسروں کو دھمکیاں دینے پر مبنی صہیونی سرغنوں کی غنڈہ گردانہ پالیسی کبھی بھی کام نہیں آئے گی۔
انھوں نے لکھا ہے: تسدیدی توازن (Balance of Deterrence) برقرار ہے اور فلسطینی مجاہدین بدستور میدان میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا: پورا محور مقاومت (محاذ مزاحمت) بیدار اور ہوشیار ہے، صہیونی دشمن کی ناکامیوں میں خاطرخواہ اضافہ ہؤا ہے اور ان شاء اللہ آخری فتح بہت جلد حاصل ہوگی۔ صہیونی دشمن پر فتح عنقریب ہے۔
اس سے قبل فلسطینی مقاومتی تحریک حماس نے وادی اردن میں فلسطینی مجاہدین کی کاروائی اور تین صہیونیوں کی ہلاکت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ہم صہیونیوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ ملت فلسطین اور مسجد الاقصیٰ پر اپنی جارحیت بند کر دے"۔
حماس نے زور دے کر کہا: فلسطینی مجاہدین نے مقبوضہ علاقے "الاغوار" میں واقع وادی اردن میں میں الحمراء نامی قصبے کے قریب کاروائی کی ہے جو کہ مسجد الاقصیٰ پر مسلسل صہیونی جارحیتوں کے جواب میں، عمل میں آئی ہے۔
ادھر فلسطینی مقاومت کی تحریک جہاد اسلامی نے بھی صہیونیوں کے خلاف ہونے والی مذکورہ کاروائی کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کاروائی مسجد الاقصیٰ پر صہیونی جارحیت اور فلسطینی عوام کے کشت و خون کے بدلے کے ضمن میں، عمل میں آئی ہے۔
واضح رہے کہ "وادی اردن" (Jordan Valley) کے علاقے الحمرا میں ایک صہیونی فوجی ناکے پر مقاومت کے مجاہدین کی فائرنگ کے نتیجے میں تین صہیونی فوجی مارے گئے۔ صہیونیوں نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے "سخت کاروائی" اور اس دن کو ایک "سخت دن" قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110