اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دارالحکومت صنعا سمیت یمن کے تمام صوبوں اور شہروں میں - سعودی - اماراتی جارحیت کے آٹھ سال پورے ہونے پر قومی یوم استقامت (اليوم الوطني للصمود) کے عنوان سے وسیع پیمانے پر ریلیاں منعقد کی گئیں۔
یمن کے ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن پر سعودی - اماراتی جارحیت کے آٹھ سال مکمل ہونے اور نویں سال کے آغاز پر یمنی عوام نے دارالحکومت صنعا سمیت یمن کے مختلف شہروں میں قومی یوم استقامت کے عنوان سے وسیع پیمانے پر ریلیاں منعقد کی ہیں اور ان ریلیوں میں لاکھوں یمنیوں نے شرکت کی ہے۔ صنعا میں عوام دستہ بہ دستہ اور گروہ در گروہ میدان باب الیمن کی طرف آتے رہے۔
یمن کی انصار اللہ انقلابی تحریک کے قائد سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ایک یوم الصمود سے ایک روز پہلے سینیچرکے دن ملت یمن سے خطاب کرتے ہوئے اتوار کی قومی ریلیوں میں عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کی اپیل کی تھی۔ یہ ریلیاں یمن پر سعودی اماراتی - امریکی - یورپی - اسرائیلی جارحیت کے آٹھ سال کا عرصہ مکمل ہونے اور نویں سال کے شروع ہونے کی مناسبت سے منعقد ہوئیں۔ عبدالملک الحوثی نے یمنی عوام سے ان ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان ریلیوں کے ذریعے دنیا والوں کو ثابت کرکے دکھا دیں کہ اپنے اعلی قومی اور دینی اہداف و مقاصد کے حصول پر مبنی عہد کے پابند ہیں؛ اور جارح سعودی اتحاد کو بھی خبردار کریں کہ یمن کا محاصرہ اور بعض علاقوں پر ان کا قبضہ رکھنا، کسی صورت میں بھی جارحوں کے مفاد میں نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242