15 جون 2009 - 19:30

غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کی دعوت پر لاکھوں افراد نے مزاحمت کے حق میں مظاہرہ کیا اور آزادی کا جشن منایا۔ منگل کے روز نماز ظہر کے بعد غزہ اور اس کے نواح سے بیسیوں ریلیوں نے غزہ کے مرکزی علاقے کا رخ کیا اور بڑی تعداد میں مظاہرے میں شرکت کر کے اسرائیلی شکست اور اپنی فتح کا جشن منایا۔

جبالیا کیمپ میں حماس کے شہید راہنما ڈاکٹر نزار ریان کے گھر کی جانب مارچ کیا گیا۔ قابض فوج کی حالیہ دہشت گردی میں نزار ریان اپنے بیوی بچوں سمیت شہید کردیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ  قابض صہیونی فوج نے اندھا دھند بمباری کر کے جبالیا کیمپ کے 45 افراد شہید اور 150 زخمی کردیے تھے۔دوسری جانب غزہ کے مرکزی گراؤنڈ میں ہزاروں افراد نے جمع ہو کر مجلس قانون ساز کے مسمار دفتر کی جانب حماس سے یکجہتی مارچ کیا۔ مجلس قانون ساز کے دفتر تک پھیلے اس مارچ سے حماس کے مرکزی راہنمائوں نے خطاب کیا۔ اس کے  علاوہ خان یونس، رفح، نصیرات، البریج، دیرالبلح اور دیگر علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں شہریوں نے حماس اور مزاحمت کے حق میں مارچ کیے۔  مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے حماس کے سبز پرچم اٹھا رکھے تھے اور حماس زندہ باد اور اسرائیل امریکہ مردہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگا رہے تھے۔